Wednesday 4 July 2012

ابھی اک آس باقی ہے

ابھی اک آس باقی ہے

بہت دن سے 
مجھے کچھ اَن کہے الفاظ نے بے چین کررکھا ہے
مجھے سونے نہیں دیتے
مجھے ہنسنے نہیں دیتے
مجھے رونے نہیں دیتے
یوں لگتا ہے 
کہ جیسے سانس سینے میں کہیں ٹھہری ہوئی ہے
یوں لگتا ہے 
کہ جیسے تیز گرمی میں
ذرا سی دیر کو بارش برس کے رک گئی ہے
گھٹن چاروں طرف پھیلی ہوئی ہے
بہت دن سے 
مری آنکھوں میں سپنوں کی
کوئی ڈولی نہیں اُتری
بہت دن سے 
خیالوں میں، دبے پاؤں
کوئی اپنا نہیں آیا
بہت دن سے 
وہ سب جذبے 
جو میری شاعری کے موسموں میں رنگ بھرتے تھے
کہیں سوئے ہوئے ہیں
مرے الفاظ بھی کھوئے ہوئے ہیں
میں اُن کو ڈھونڈنے 
اِس زندگی کے دشت میں نکلا تو ہوں لیکن 
مجھے معلوم ہے، جذبے 
اگر اک بار کھو جائیں
تو پھر واپس نہیں ملتے
مجھے معلوم ہے پھر بھی 
ابھی اک آس باقی ہے
میں اب اُس آس کی انگلی پکڑ کر
چل رہا ہوں
بظاہر شبنمی ٹھنڈک مجھے گھیرے ہوئے ہے
مگر میں جل رہا ہوں
میں اب تک چل رہا ہوں

عاطف سعید

No comments:

Post a Comment