Friday 16 February 2018

دل رات کی بنجر وادی میں اک آس لگائے رکھتا ہے

دل رات کی بنجر وادی میں اک آس لگائے رکھتا ہے
اک پھول کھلائے رکھتا ہے، اک دِیپ جلائے رکھتا ہے
سنسار! نہ اندر آ جانا، مت گیان کا مندر ڈھا جانا
دل دھیان کی روشن کٹیا میں اک یاد بلائے رکھتا ہے
میں ذرہ رُلتے کنکر کا، وہ چاند چمکتے امبر کا
میں دھول رماۓ رکھتا ہوں، وہ روپ سجائے رکھتا ہے
اک ہجر کا مارا بے چارہ، دلدار ملن کا متوارا
گھپ رات کے گہرے جنگل میں دو نین جگائے رکھتا ہے
مت ڈھونڈ وہ گھیرے دار شجر جو چھاؤں چھڑکتا تھا تجھ پر
اب دھوپ سمے کی سہہ سہہ کر شاخوں کو جھکائے رکھتا ہے
وہ پیڑ پرائے آنگن کا، وہ پھول کسی کے گلشن کا
دن رات سلگتی سانسوں میں خوشبو سی رچائے رکھتا ہے

شہزاد نیر

No comments:

Post a Comment