Thursday 21 June 2018

موج در موج مچلتا ہوا پانی رکھتا

موج در موج مچلتا ہوا پانی رکھتا
تُو کہ دریا تھا سو دریا سی روانی رکھتا
تیرا کردار مثالی ہی نہیں تھا، ورنہ
ہر کہانی سے الگ اپنی کہانی رکھتا
نئے لوگوں، نئی دنیا سے شناسا ہو کر
کیسے کمرے میں وہ تصویر پرانی رکھتا
شاعری بول کہ تُو مجھ سے گریزاں کیوں ہے
تُو جو کہتی، ترے قدموں میں جوانی رکھتا
اور کچھ روز وہ کرتا یہ چراغاں مجھ میں
اور کچھ روز یونہی شام سہانی رکھتا
میں وہاں تھا تو زمیں پر ہی نہیں تھا جیسے
یاد اس شہر کی پھر کیسے نشانی رکھتا
کاش ہو سکتا محبت کے لغت میں شامل
لفظ وہ لفظ جو بھرپور معانی رکھتا

شمشیر حیدر

No comments:

Post a Comment