Saturday 16 February 2019

یہی دعا ہے یہی ہے سلام عشق بخیر

یہی دعا ہے یہی ہے سلام عشق بخیر 
مِرے سبھی رفقائے کرام عشق بخیر
دیارِ ہجر کی سُونی اداس گلیوں میں 
پکارتا ہے کوئی صبح و شام عشق بخیر
میں کر رہا تھا دعا کی گزارشیں اس سے 
سو کہہ گئی ہے اداسی کی شام عشق بخیر
بڑے عجیب ہیں شہرِ جنوں کے باشندے 
ہمیشہ کہتے ہیں بعد از سلام عشق بخیر
یہ رہ ضرور تمہارے ہی گھر کو جاتی ہے 
لکھا ہوا ہے یہاں گام گام عشق بخیر
بیان کی ہے غزل وار داستانِ عشق 
سو اس کتاب کا رکھا ہے نام عشق بخیر
افق کے پار مجھے یاد کر رہا ہے کوئی 
ابھی ملا ہے ادھر سے پیام عشق بخیر

رحمان فارس

No comments:

Post a Comment