صفحات

Thursday, 6 November 2014

دامن رحمت اگر آیا ہمارے ہاتھ میں

دامنِ رحمت اگر آیا ہمارے ہاتھ میں
پھول ہو جائیں گے دوزخ کے شرارے ہاتھ میں
گل ترے پھلوں کے ہیں اے گل جو سارے ہاتھ میں
باغ الفت کا ہے گلدستہ ہمارے ہاتھ میں
پوچھتے ہو کس سے جو چاہو کرو مختار ہو
دل تمہارے ہاتھ میں ہے یا ہمارے ہاتھ میں
اے پری افشاں چھڑکنے کا جو تجھ کو شوق ہو
زہرہ دوڑے آسماں سے لے کے تارے ہاتھ میں
لطف اُٹھے سیرِ ساحل کا شبِ مہتاب میں
ہاتھ اُس کا ہو جو دریا کے کنارے ہاتھ میں
ہم وہ مجرم ہیں کہ دوزخ ہم کو خس خانہ ہوا
حوریں دوڑیں لے کے جنت سے ہزارے ہاتھ میں
ہم بہت لاغر ہیں پہناؤ نہ ہم کو ہتھکڑی
ڈال دو چھلّا کوئی اپنا ہمارے ہاتھ میں
اُنگلیاں شوخی سے چمکاتا نہیں وہ رقص میں
یہ سمندِ ناز بھرتا ہے ترارے ہاتھ میں
جام کیسا جام، چلو کو بنا سکتے نہیں
ہے تہی دستی سے رعشہ بھی ہمارے ہاتھ میں
ناز سے کہتے ہیں رکھ کر اپنی آنکھوں پر وہ ہاتھ
دیکھ یوں نخچیر ہوتے ہیں چکارے ہاتھ میں
آتشِ رنگِ حنا بھی ہے عجب معجز نما
ہے ضیا مثلِ کفِ موسیٰؑ تمہارے ہاتھ میں
کیا نزاکت ہے جوتوڑا شاخ گل سے کوئی پھول
آتشِ گل سے پڑے چھالے تمہارے ہاتھ میں
حلقۂ گیسو ئے جاناں وہ بلا ہے اے امیرؔ
چھپ رہی ہیں مچھلیاں دہشت کے مارے ہاتھ میں

امیر مینائی

No comments:

Post a Comment