صفحات

Saturday, 8 October 2016

کفن کی جیب کہاں ہے

کفن کی جیب کہاں ہے؟

یہ تین دن بہت بھاری ہیں مجھ پہ جانتا ہوں
مجھے یہ علم ہے، تم اپنے اختیارات کے تحت
مِری حیات کا اعمال نامہ پَرکھو گے
برائیوں کا، گناہوں کا جائزہ لو گے
میں جانتا ہوں فرشتو! کہ مجھ پہ لازم ہے
تمہیں بتاؤں کہ اعمال میرے کیسے تھے
جو لین دَین تھا، دھندہ تھا، کاروبار مِرا
یہ اب میں کیسے کہوں، اس میں کچھ حرام نہ تھا
یہ تین دن بہت بھاری ہیں، پر ملک زادو
میں آدمی ہوں، اک حیوانِ ناطق و ادراک
کہ میں نے عمر گزاری ہے ایسی دنیا میں
جہاں پہ دولت و املاک کے مسائل کو
کسی کچہری میں دام و درہم سے حل کرنا
کچھ ایسی بھول بھلیاں نہیں کہ ہو نہ سکے
کروڑوں، اربوں کی دولت ہے ملکیت میری
اسے میں دینے کو تیار ہوں، فرشتو! کہو
مچلکہ ہو کہ ضمانت ہو، کوئی ہُنڈی ہو
مجھے بتاؤ، ادائی میں کس طرح سے کروں
خدا را جھوٹ نہ سمجھو کہ میری جیب میں ہے
یہ گوشوارہ مِرے مال و زر کا
دیکھو تو کفن کی جیب کہاں ہے؟
کوئی بتائے مجھے 

ستیہ پال آنند

No comments:

Post a Comment