صفحات

Sunday, 8 January 2017

ادائے پردہ کتنی دل نشیں معلوم ہوتی ہے

ادائے پردہ کتنی دلنشیں معلوم ہوتی ہے
پسِ پردہ کوئی ناز آفریں معلوم ہوتی ہے
نگاہِ ناز کتنی شرمگیں معلوم ہوتی ہے
کوئی محبوبۂ پردہ نشیں معلوم ہوتی ہے
لبِ خاموش میں پنہاں نہیں معلوم ہوتی ہے
نگاہِ اولیں ہی واپسیں معلوم ہوتی ہے
یہ کس کو دیکھ کر دیکھا ہے میں نے بزمِ ہستی کو
کہ جو شے ہے نگاہوں کو حسیں معلوم ہوتی ہے
تم اپنا آستاں اچھی طرح پہچان سکتے ہو
ہمیں تو یہ ہماری ہی جبیں معلوم ہوتی ہے
محبت اس طرح معلوم ہو جاتی ہے دنیا کو
کہ یہ معلوم ہوتا ہے نہیں معلوم ہوتی ہے
سوادِ یاس میں اک پرتوِ امید کیا کہیے
اندھیرے گھر میں کوئی مہ جبیں معلوم ہوتی ہے
کسی کا عشق آ پہنچا ہے رسوائی کی منزل تک
نگاہِ شوخ، اب کچھ شرمگیں معلوم ہوتی ہے
نکالے جاتے ہیں اہلِ وفا، اغیار کے بدلے
ترے گھر کی زمیں، خلدِ بریں معلوم ہوتی ہے

اختر شیرانی

No comments:

Post a Comment