صفحات

Saturday, 14 January 2017

ذات عباس ہے اک بخشش رب العزت

در مدح عباس


ذاتِ عباسؑ ہے اک بخششِ رب العزت

جس میں یک جا ہیں بیک وقت جمال و جرأت

صبر، ایثار، وفا، عزم، شجاعت، خدمت

یہ عناصر ہیں کہ جن سے ہوئی ان کی خلقت

اتنی دل کش نہ بنی اور کسی کی تصویر

مُو بہ مُو شکل و شمائل میں علیؑ کی تصویر

صورت ایسی کہ مہِ چار دہم سجدہ گزار

سیرت ایسی، جو پسندیدۂ ربِ غفار

وہ جبیں جس پہ فرشتوں کی عبادت ہو نثار

وہ خط و خال جو خطاطِ ازل کے شہکار

ہو بہو قامتِ حیدرؑ، قدِ زیبا ایسا

جس کی یوسفؑ کو تمنا ہو سراپا ایسا

دوش وہ، زیب جسے دیتا پے دیں کا پرچم

ہاتھ وہ، دستِ یداللہ کا جس میں دم خم

قدم ایسا، کہ جو ثابت رہِ حق میں پیہم

سینہ ایسا، جو ہے گنجینۂ اسرارِ حرم

کیوں نہ ہم رازِ مشیعت ہو پسر کس کا ہے

اس کے والد کا جو مؤلد ہے وہ گھر کس کا ہے


کرار جونپوری 

No comments:

Post a Comment