صفحات

Thursday, 1 April 2021

ایک کھڑکی گلی کی کھلی رات بھر

 ایک کھڑکی گلی کی کھُلی رات بھر

منتظر جانے کس کی رہی رات بھر

ہم جلاتے رہے اپنے دل کے دِیے

تِیرگی قتل ہوتی رہی رات بھر

میری آنکھوں کو کر کے عطا رتجگے 

میری تنہائی سوتی رہی رات بھر 

ایک خوشبو درازوں سے چھنتی ہوئی 

دستکیں جیسے دیتی رہی رات بھر

دل کے اندر کوئی جیسے چلتا رہا 

چاپ قدموں کی آتی رہی رات بھر 

ایک تحریر جو اس کے ہاتھوں کی تھی 

بات وہ مجھ سے کرتی رہی رات بھر 

ایک صورت علی تھی جو جان غزل 

میرے شعروں میں ڈھلتی رہی رات بھر 


علی احمد جلیلی

No comments:

Post a Comment