صفحات

Friday, 3 December 2021

ساتھ غربت میں کوئی غیر نہ اپنا نکلا

 ساتھ غربت میں کوئی غیر نہ اپنا نکلا

میں فقط درد کے صحرا میں اکیلا نکلا

میں نے مانگی تھی شبِ غم کے گزرنے کی دعا

اور مِرے گھر سے بہت دور اجالا نکلا

کوئی چہرہ نہ کوئی عکس نظر آتا ہے

اپنی تقدیر کا آئینہ بھی اندھا نکلا

زندگی کس سے اب امیدِ مداوا رکھے

دشمنِ جاں تو مِرا اپنا مسیحا نکلا

وہ تِرا رنگ وفا ہو کہ تِرا طرز جفا

میں ہر اک رنگ میں تصویر تمنا نکلا

کیوں نہ دنیا کو مِرے قتل پہ حیرت ہو گی

ساتھ میرے مِرے قاتل کا جنازہ نکلا

میں بھی تو کون سی رکھتا ہوں محبت اس سے

اپنے دشمن کی طرح میں بھی تو اندھا نکلا

کوئی تحفہ نہ کوئی خط نہ کسی کی تصویر

اور مِرے گھر سے تِرے غم کے سوا کیا نکلا

کٹ گئی عمر چھپائے ہوئے غم اپنا شکیب

اپنے منہ سے نہ کبھی حرفِ تمنا نکلا


شکیب بنارسی

No comments:

Post a Comment