صفحات

Sunday, 20 March 2022

صید ہیں تو کبھی صیاد ہیں تیری یادیں

 صید ہیں تو کبھی صیاد ہیں تیری یادیں

جتنا ہو سکتی ہیں آزاد ہیں تیری یادیں

بس یہیں آنکھ کے صحرا سے ذرا آگے ہے

وہ خرابہ جہاں آباد ہیں تیری یادیں

خواب ریزوں سے یہ جو شہرِ غزل ابھرا ہے

اس نئے شہر کی بنیاد ہیں تیری یادیں

مجھ کو ہنستے ہوئے رونا بھی بہت آتا ہے

کرب آمیز سکوں زاد ہیں تیری یادیں

تو مِری آنکھ کے حلقوں کو نہیں سوچا کر

آنکھ کے گرد یہ آباد ہیں تیری یادیں

ان کے بہلانے کو سگریٹ میں لہو پھونکتا ہوں

پھر بھی ناشاد کی ناشاد ہیں تیری یادیں

اب تو مسجد میں بھی یہ ساتھ چلی آتی ہیں

اب تو لگتا ہے کہ ہمزاد ہیں تیری یادیں

عشق وہ طرزِ غزل ہے جو لہو مانگتا ہے

ہجر ہے رنگِ سخن داد ہیں تیری یادیں

تجھ سے ہو کر میں کہیں اور نکل جاتا ہوں

تجھ سے پہلے کی بھی روداد ہیں تیری یادیں

ایسے یہ دل کو ہلا دیتی ہیں لمحہ بھر میں

جیسے مظلوم کی فریاد ہیں تیری یادیں

بدر میں کون ہوں کیا ہوں مجھے کچھ یاد نہیں

لمحے لمحے کی مگر یاد ہیں تیری یادیں


نعمان بدر

No comments:

Post a Comment