صفحات

Tuesday, 7 June 2022

ایسے یکلخت نہ وجدان میں آ

 ایسے یکلخت نہ وجدان میں آ

تھوڑا تاخیر سے پہچان میں آ

دیکھتی کیا ہے زمانے کی طرف

اے نظر! لوٹ، گریبان میں آ

ہاں مجھے یوں بڑی آسانی ہے

شعر ہو ہو کے مِرے دھیان میں آ

دشتِ ایقان میں تو کچھ بھی نہیں

خالقا! کوزۂ امکان میں آ

سجدۂ شکر کہ موت آ گئی ہے

اے مِری جان! مِری جان میں آ

دولتِ ہجر! میسر سے نکل

کچھ دنوں کے لیے فقدان میں آ

اے جہنم سے ڈرانے والے

تُو کبھی جسم کے زندان میں آ

بازگشت اور کہاں تک سنے جاؤں

نئی آواز! مِرے کان میں آ

روتا جاتا ہوں اڑاتا ہوا خاک

آب و گِل کہتے تھے میزان میں آ


احمد کامران

No comments:

Post a Comment