صفحات

Thursday, 18 August 2022

یہ موسم بھیگا موسم ہے اور بارش ٹوٹ کے برسی ہے

 بھیگے موسم کی ایک نظم


یہ موسم بھیگا موسم ہے

اور بارش ٹوٹ کے برسی ہے

اس موسم نے مِرے اندر کے

ہر موسم کو چونکایا ہے

چُپ چاپ سا شور مچایا ہے

احساس کے پاگل پن کو لیے

اک ست رنگی جو قوس بنی

مِری روح پہ ایسے چھائی ہے

اس موسم پگلے موسم میں

یہ پلکیں بھیگی بھیگی سی

اور آہوں کی دلگیر صدا

بس خاموشی کے لہجے میں

سب باتیں دل کی کہتی ہے

کُچھ اندر میرے جل تھل ہے

کچھ باہر رِم جھِم بوندیں ہیں

یخ بستہ سی اِن راتوں میں

سب یاد کے جگنو چار طرف

من مندر کی اس چوکھٹ پر

آسیب کی صورت پھیلے ہیں

مِرے اندر کی اس بارش میں

جو برس برس کر روز اور شب

اس دل کی پیاسی دھرتی کی

کچھ اور بھی پیاس بڑھاتی ہے

سب خواب بھی چکنا چُور ہوئے

ارمان بھی دل سے دور ہوئے

اشکوں کی مالا ٹوٹ گئی

یہ جو اندر میرے بارش ہے

اور بھیگا موسم ہے

دونوں کا لہجہ ایک سا ہے

دونوں کا رشتہ ایک سا ہے

یہ جو اندر باہر پانی ہے

دونوں کی ایک کہانی ہے


رضوانہ تبسم درانی

No comments:

Post a Comment