صفحات

Tuesday, 16 August 2022

نرالا ہو نہیں سکتا مثالی ہو نہیں سکتا

عارفانہ کلام نعتیہ کلام


نرالا ہو نہیں سکتا،۔ مثالی ہو نہیں سکتا 

مِری سرکارؐ جیسا کوئی عالی ہو نہیں سکتا

زمانے میں ہزاروں ہیں حسین و خوبرو، لیکن

کوئی چہرہ محمدﷺ سا جمالی ہو نہیں سکتا

نبیؐ نے جب بھی مانگا ہے خدا نے لاج رکھی ہے 

پیمبرﷺ سا کوئی رب کا سوالی ہو نہیں سکتا

چلے مکے میں لیکن چاپ جنت میں سنائی دے

غلاموں میں کوئی مثلِ بلالیؓ ہو نہیں سکتا

گوارا ہی نہیں آقاﷺ و مولیٰؐ کو کسی صورت 

کہ دوزخ میں جلیں ان کے موالی، ہو نہیں سکتا

اثر رکھتی ہے اب بھی الفتِ محبوبِ سبحانیﷺ 

یہ مت سمجھو کہ؛ اب کوئی غزالی ہو نہیں سکتا

جو اُنؐ کی سیرت و سنت کا دامن تھام لے صائم

کبھی ایمان سے وہ شخص خالی ہو نہیں سکتا


صائم علوی

No comments:

Post a Comment