صفحات

Sunday, 18 September 2022

حدود ذات میں اوروں کا ذکر ہی کیا ہے

 حدودِ ذات میں اوروں کا ذکر ہی کیا ہے

خود آدمی بھی نہ سمجھا کہ آدمی کیا ہے

یہ فاصلے جو تِرے قُرب کی ضمانت ہیں

سمٹ گئے تو بتاؤں گا زندگی کیا ہے؟

حجابِ ذات سے باہر کہاں ابھی ہم لوگ

ابھی یہ کون بتائے کہ آدمی کیا ہے؟

کہا نہ تھا کہ محبت کا تذکرہ نہ کرو

کسے خبر تھی کہ معراجِ زندگی کیا ہے

سوال یہ ہے کہ تم کیا نگاہ رکھتے ہو

نیاز مند تو واقف ہے، بندگی کیا ہے

روا نہیں ہے مسلسل گریزِ نقد و نظر

کبھی کبھی تو بتاؤ کہ زندگی کیا ہے؟

ابھی تو مجھ سے خدائی کی حد میں بات کرو

خدا بنو، تو بتانا کہ آدمی کیا ہے؟

جبینِ شوق پہ سجدوں کے داغ اے انجم

یہ بندگی ہے تو معیار بندگی کیا ہے؟


انجم فوقی بدایونی

No comments:

Post a Comment