صفحات

Wednesday, 9 November 2022

بازی پہ دل لگا ہے کوئی دل لگی نہیں

 بازی پہ دل لگا ہے کوئی دل لگی نہیں

یہ بھی ہے کوئی بات کبھی ہاں کبھی نہیں

جس نے کچھ احتیاط جوانی میں کی نہیں

عقل سلیم کہتی ہے وہ آدمی نہیں

دل مانگو تو جواب ہے ان کا ابھی نہیں

گویا ابھی نہیں کا ہے مطلب کبھی نہیں

واعظ کو لعن طعن کی فرصت ہے کس طرح

پوری ابھی خدا کی طرف لو لگی نہیں

عاشق پر ان کا ایک ذرا سا ہے التفات

اور وہ بھی اس طرح کہ کبھی ہے کبھی نہیں

جیسا کہ آپ چاہتے ہیں شخص پاک و صاف

ایسا تو شہر بھر میں کوئی متقی نہیں

تنہا جیے تو خاک جیے لطف کیا لیا

اے خضر! یہ تو زندگی میں زندگی نہیں

ہم سب ہیں راہگیر تصادم کا کیا سبب

دنیا ہے شاہراہ کچھ ایسی گلی نہیں

دل میں نشاط آئے تو چہرہ ہو تابناک

جب تک جناب چاند نہیں چاندنی نہیں

پرویں! جلاؤ شمع عمل گور کے لیے

سورج کا نور چاند کے وہاں چاندنی نہیں


پروین ام مشتاق

No comments:

Post a Comment