صفحات

Wednesday, 7 December 2022

لوگوں کے پاس درد کی دولت نہیں رہی

لوگوں کے پاس درد کی دولت نہیں رہی

یعنی کسی کو کوئی ضرورت نہیں رہی

مصروف اس قدر کِیا اس کی تلاش نے

مجھ کو تو خود سے ملنے کی فُرصت نہیں رہی

دنیا نے حرف حرف میں تقسیم کر دیا

اب زندگی کسی سے عبارت نہیں رہی

اچھا ہُوا کہ ترکِ تعلق ہی کر لیا

آنکھوں کو انتظار کی زحمت نہیں رہی

میں کیا کروں؟ دماغ نے تختہ الٹ دیا

اب دل پہ دوست تیری حکومت نہیں رہی

گُم ہو گئے ہیں سارے سلیقے وفاؤں کے

اب اس جہاں میں رسمِ محبت نہیں رہی

رُسوائیوں نے گھر کی وہ سر ہی جُھکا دیا

یوں شہر میں وہ اونچی عمارت نہیں رہی

رخسار! مُفلسی کے کرشمے عجیب ہیں

غُربت میں دوستی بھی سلامت نہیں رہی


رخسار ناظم آبادی

No comments:

Post a Comment