عارفانہ کلام حمد نعت مقبت
آپﷺ جیسا جب مِرا مشکل کشا ہو یا نبیﷺ
مشکلوں کا شوق سے پھر سامنا ہو یا نبیﷺ
آپﷺ پر صلِ علیٰ پڑھتی رہوں میں دم بدم
خوشبوؤں سے گھر میرا آراستہ ہو یا نبیﷺ
ہو مدینے کا سفر در پیش مجھ کو ایک دن
آنسوؤں میں تر بتر ہر راستہ ہو یا نبیﷺ
مانگنے والوں کو خالی پھیرتے ہیں آپﷺ کب
ہوں بھکارن بھیک مجھ کو بھی عطا ہو یا نبیﷺ
ہر طرف سے درد و غم کی دھوپ نے جھلسا دیا
گیسوئے والیل کا سایہ عطا ہو یا نبیﷺ
آپﷺ کے لطف و کرم پر عمر بھر جیتی رہوں
آپﷺ کا لطف و کرم مجھ پر سدا ہو یا نبیﷺ
میں مدینے کے گلی کوچوں ہی میں پھرتی رہوں
رحمتوں کی بارشوں کا سلسلہ ہو یا نبیﷺ
سبز گنبد سامنے ہو عمر بھر میرے سدا
اور ہونٹوں پر مِرے صل علیٰ ہو یا نبیﷺ
آپﷺ کے قدموں میں آقاؐ موت بھی آئے مجھے
عشق کا یہ آخری حق بھی ادا ہو یا نبیﷺ
قبر میں پوچھیں فرشتے جب، کہ کیا ہے تیرے پاس
نام بس میرے لبوں پر آپﷺ کا ہو یا نبیﷺ
یا رسول اللہﷺ در در ٹھوکریں بھی کب تلک
عاصیوں پر بھی کرم اب باخدا ہو یا نبیﷺ
آپﷺ کو ہے فاطمہؑ زھرا کی چادر کی قسم
خواب میں دیدار مجھ کو آپﷺ کا ہو یا نبیﷺ
اے شفیعِ روزِ محشرﷺ امتی ہوں ہو کرم
صدقۂ حسنینؑ مجھ کو بھی عطا ہو یا نبیﷺ
حشر میں نادم کھڑی ہو جب گناہوں پر کنول
آپﷺ آئیں تو ندامت سے رہا ہو یا نبیﷺ
کنول ملک
No comments:
Post a Comment