صفحات

Monday, 12 June 2023

عشق لگتا تھا ہمیں کام وہ آسان کہ بس

 عشق لگتا تھا ہمیں کام وہ آسان کہ بس

کر کے دیکھا تو ہوئے ایسے پشیمان کہ بس

آنکھ یہ اٹھ نہ سکی پھر کسی گُل کی جانب

میں نے دیکھا کسی چہرے پہ گُلستان کہ بس

کیوں مسیحا نہ اسے اپنا یہ دل جانے گا

مُردہ پیکر میں مِرے ڈال گیا جان کہ بس

مِرے سینے سے لپٹ کر کبھی اتنا بھی تو پوچھ

باقی دل میں ہے تِرے اب کوئی ارمان کہ بس

کس سے رکھیں گے مروّت کی توقع مولا

ہم نے دیکھے تِری دنیا میں وہ انسان کہ بس

بزم میں اس نے بصد شوق جو پوچھے تھے مزاج

تب سے یاروں میں ہے اپنی وہ عجب شان کہ بس

پھر کمیں گاہ پہ حسرت بھری نظریں اس کی

دل یہ کم بخت ہے اپنا وہی نادان کہ بس

چارہ گر نام سے ہے اب دل زخمی بیزار

چارہ گر تو نے دیا ہم کو وہ درمان کہ بس

کن نگاہوں کی پھری میری طرف سونامی

آ گیا بحرِ تمنا میں وہ طوفان کہ بس

سب کو منزل کا پتہ، سب کو خبر راہوں کی

اک امیں ہے ہمہ خلقت میں وہ حیران کہ بس


امین الرحمٰن چغتائی

No comments:

Post a Comment