صفحات

Thursday, 11 January 2024

کوئی ادراک لے آ تو مرے ادراک سے بہتر

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


کوئی ادراک لے آ تُو مِرے ادراک سے بہتر

کہ دنیا میں نہیں کوئی شہِ لولاکﷺ سے بہتر

لباسِ فقر ہے فخرِ محمدﷺ، جاننے کے بعد

نہ بھائی قلب کو پوشاک اس پوشاک سے بہتر

جبیں پر جس کی نقشِ پا ہُوا ثبت آپ کا آقاﷺ

وہ ریگستاں لطافت میں ہُوا افلاک سے بہتر

توسل حبلِ حق سے ہو تو کُھل جائے کہ ہے دل کو

جنونِ عشقِ احمدﷺ عقل کے پیچاک سے بہتر

میسر ہو جسے بحرِ ولائے احمدِ مختارﷺ

نہیں جبریلؑ کی پرواز اس پیراک سے بہتر

یہ شہرِ عشق احمدؐ ہے تغافل یاں نہیں جائز

نہیں ہے مصلحت اندیش یاں بے باک سے بہتر

غلامِ مصطفیٰؐ ہوں میں نہیں یہ اطلس و کم خواب

مِری گدڑی پہ بکھرے ان خس و خاشاک سے بہتر

سیہ رُو ہوں، مگر تیری شفاعت کے بھروسے پر

کوئی صائب نہیں مجھ دامنِ صد چاک سے بہتر


صائب جعفری

No comments:

Post a Comment