صفحات

Friday, 5 January 2024

رکھے معبود نے بخشش کے بہانے کتنے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


رکھے معبود نے بخشش کے بہانے کتنے

نعت لے جائے گی جنت میں نہ جانے کتنے

جھاڑ دیں سیدِ لولاکﷺ تو پا جائیں وجود

گردِ نعلینِ پیمبرﷺ سے زمانے کتنے

لا نہ پایا کوئی بھی سورۂ کوثر کا جواب

اہلِ مکہ نے گھڑے جُھوٹے فسانے کتنے

آپؐ جُھولے میں ہیں، جبرئیلؑ ذرا گِن کے بتا

پائنتی کتنے پیمبرؑ ہیں، سرہانے کتنے

پال دے میرا نبیؐ، نعت سکھا دے سب کو

کام سونپے ابو طالبؑ کو خدا نے کتنے

یہ تو بس گُنبدِ خضریٰ کے ستوں جانتے ہیں

دیپ آ آ کے جلائے ہیں ہوا نے کتنے

یا الہیٰ یہ بتا لوگ نبیﷺ کے عاشق

کتنے کعبے نے کیے کرب و بلا نے کتنے

ذکرِ سرکارِﷺ دو عالم کے کرم سے اکبر

معتبر ہو گئے ناچیز گھرانے کتنے


حسنین اکبر

No comments:

Post a Comment