صفحات

Friday, 4 September 2026

مدینہ کے جس شام و سحر کی بات کرتے ہیں

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


مدینہ کے جس شام و سحر کی بات کرتے ہیں

باالفاظ دگر خلد نظر کی بات کرتے ہیں

ستاروں کی نہ ہم حُسنِ قمر کی بات کرتے ہیں

جمال حضرت خیرالبشرﷺ کی بات کرتے ہیں

مبارک ذکر جنت آپ کو اے حضرت‌ِ واعظ

ہم اپنے جذبِ دل ذوقِ نظر کی بات کرتے ہیں

مقابل رُوئے ختم المرسلیںؐ کے چاند کیا شے ہے

وہ دیوانے ہیں جو شمس و قمر کی بات کرتے ہیں

کہا ہے جس کو رب العالمین نے رحمت عالمﷺ

ہم اس مُشکل کُشا اس چارہ گر کی بات کرتے ہیں

نظر میں ہے جمالِ گُنبدِ خضرا کی رعنائی

فلک رفعت نبیؐ کے پاک در کی بات کرتے ہیں

وہ جس کی ذات عالی نازشِ کونین ہے قیصر

اسی فخر الرسلؐ خیر البشرؐ کی بات کرتے ہیں


قیصر وارثی

No comments:

Post a Comment