صفحات

Friday, 14 November 2014

بحر مواج کی آشفتہ سری میری ہے

بحرِ مواج کی آشُفتہ سری میری ہے
ریگِ ساحل پہ سبھی نقش گری میری ہے
تُو بہر رنگ، بہر سمت ہے موجود، مگر
تُو نظر آئے نہ گر، کم نظری میری ہے
فہم و ادراک و خبر، سب مری املاک میں ہیں 
جب تلک ساتھ مرے بے خبری میری ہے
وہ جو روپوش ہوا ہے، مجھے ظاہر کر کے
اس کو پانے کا جتن درد سری میری ہے
اس کی تخلیق کے ہیں سارے مظاہر، لیکن 
زعم انساں کو ہے، یہ کاریگری میری ہے
دیکھنے والوں کو مقدور کہاں تھا پہلے
اس کی تشکیل کا فن، بے بصری میری ہے
ایک دن میں ترے در تک بھی پہنچ جاؤں گا
میرے ہمراہ اگر دربدری میری ہے
یہ کسی اور کی ہے جلوہ نمائی محسنؔ
عکس میرا ہے، نہ آئینہ گری میری ہے

محسن بھوپالی 

No comments:

Post a Comment