صفحات

Thursday, 3 November 2016

ہر شخص پریشان ہے گھبرایا ہوا ہے

ہر شخص پریشان ہے گھبرایا ہوا ہے
مہتاب بڑی دیر سے گہنایا ہوا ہے
ہے کوئی سخی اسکی طرف دیکھنے والا
یہ ہاتھ بڑی دیر سے پھیلایا ہوا ہے
حصہ ہے کسی اور کا اس کارِ زیاں میں 
سرمایہ کسی اور کا لگوایا ہوا ہے
سانپوں میں عصا پھینک کے اب محوِ دعا ہوں 
معلوم ہے، دیمک نے اسے کھایا ہوا ہے
دنیا کے بجھانے سے بجھی ہے نہ بجھے گی
اس آگ کو تقدیر نے دہکایا ہوا ہے
کیا دھوپ ہے جو ابر کے سینے سے لگی ہے 
صحرا بھی اسے دیکھ کے شرمایا ہوا ہے
اصرار نہ کر میرے خرابے سے چلا جا
مجھ پر کسی آسیب کا دل آیا ہوا ہے
تُو خوابِ دگر ہے، تِری تدفین کہاں ہو
دل میں تو کسی اور کو دفنایا ہوا ہے

فیصل عجمی

No comments:

Post a Comment