صفحات

Sunday, 8 January 2017

جس دم کہ ترے محو تجلی کو غش آیا

جس دم کہ تِرے محوِ تجلی کو غش آیا
لوگوں نے کہا کہ حضرتِ موسیٰ کو غش آیا
عکسِ رخِ ساقی سے ہوا جام جو روشن
خورشید یہ کانپا کہ مسیحا کو غش آیا
دیکھا جو ہم آغوش ہمیں اور تمہیں کل
بے خود ہو گِرا وامق و عذرا کو غش آیا
کوچے میں تِرے آج جو ہے بھیڑ بہت سی
شاید کہ کسی عاشقِ رسوا کو غش آیا
نظارہ کی تاب اپنے نہ لایا نہ یہ دیکھو
دیکھ آئینہ اس شوخ خود آرا کو غش آیا
جب وادئ مجنوں سے چلا قافلہ آگے
بے ساختہ وہاں ناقۂ لیلیٰ کو غش آیا
جس وقت وہ یوسف سے ہم آغوش تھے اس وقت
سنتے ہی تِرا نام زلیخا کو غش آیا
بالیں پہ سمٹ کر کے جو لوگ آئے ہیں اسکے
شاید تِرے بیمارِ تمنا کو غش آیا
گِرنے نا دیا اس کو ملائک نے زمیں پر
جس دم تِرے دردِ کشِ صہبا کو غش آیا
بے خود ہو گِرا بزم میں انشاؔ تو وہ بولا
آغا کو غش آیا، مِرے مرزا کو غش آیا

انشا اللہ خان انشا

No comments:

Post a Comment