صفحات

Tuesday, 10 January 2017

صبر کیا آئے مجھے سانس بمشکل آئے

صبر کیا آئے مجھے سانس بہ مشکل آئے
تُو تو انسان ہے پتھر پہ اگر دل آئے
کس قدر تھی نگہِ شوق کو قاتل کی تلاش
جب نظر مجھ کو فرشتے دمِ بسمل میں آئے
ہائے وہ جان بچانے کا زمانہ نہ رہا
اب تو اس بات کا رونا ہے کہیں دل آئے
خواب میں بھی کبھی تنہا نہیں دیکھا تجھ کو
دل میں بھی آئے تو اغیار کے شامل آئے
غیر معشوق ہو تجھ سا بھی تو الفت نہ کروں
ایسا آنا ہے تو مجھ پر ہی مِرا دل آئے
اس نزاکت پہ گئے غیر کے گھر چین سے تم
ہم اگر آپ میں آئے تو بمشکل آئے
مل گئے راہ میں مجھ کو یہ بڑی خیر ہوئی
لوگ جو دیکھنے شب کو تِری محفل آئے
کہا کہیں کس سے کہیں جا کے وہاں کیا گزری
یار کہتے ہیں مبارک ہو تمہیں مل آئے
جس کو ہوا داغؔ بہت حسن و شجاعت پہ غرور
میرے نواب بہادر کے مقابل آئے

داغ دہلوی

No comments:

Post a Comment