صفحات

Friday, 8 January 2021

پھر وہی ضد کہ ہر اک بات بتانے لگ جائیں

 پھر وہی ضد کہ ہر اک بات بتانے لگ جائیں

اب تو آنسو بھی نہیں ہیں کہ بہانے لگ جائیں

تیری تکریم بھی لازم ہے شبِ اوجِ وصال

پر یہ ڈر ہے کہ یہ لمحے نہ ٹھکانے لگ جائیں

کچھ نمو کے بھی تقاضے ہیں سرِ کشتِ خیال

ورنہ ہم لوگ تو بس خاک اڑانے لگ جائیں

ایک لمحے کی ملاقات کا خاموش سفر

ان کہے لفظ نہ اب شور مچانے لگ جائیں

وہ رفاقت، وہ فسانہ، وہ تماشا، وہ خلوص

کوئی عنوان تلاشیں تو زمانے لگ جائیں

ہم سمجھتے ہیں ستم زاد قبیلوں کو نوید

پیڑ سرسبز، گھنا ہو تو گرانے لگ جائیں

چاند بے کل کرے جب تارے ستانے لگ جائیں

اہلِ غربت تِری روداد سنانے لگ جائیں

ہم تِرے غم میں اگر اشک بہانے لگ جائیں

دربدر آگ پھرے شہر ٹھکانے لگ جائیں

ان کو اتنے تو پر و بال مہیا کر دے

یہ پکھیرو تِری آواز پہ آنے لگ جائیں

ہم ہی، ممکن ہے تِرے ناز اٹھانے لگ جائیں

پہلے یہ زخم پرانے تو ٹھکانے لگ جائیں

تیرے آوارہ، چلو ہم ہی رہیں گے، لیکن

یہ نہ ہو، تجھ کو بھلانے میں زمانے لگ جائیں

روک لو اپنے سلگتے ہوئے جذبوں کے شرار

اس سے پہلے کہ کوئی حشر اٹھانے لگ جائیں

ریزہ ریزہ، جنہیں سینے میں بہم رکھتا ہوں

وہی چپکے سے مری خاک اڑانے لگ جائیں

میری جاں! دیکھ یہی وصل کے موسم نہ کہیں

قریۂ گُل پہ تگ و تاز اٹھانے لگ جائیں

روکتے روکتے بھی، آنکھ چھلک اٹھتی ہے

کیا کریں، دل کو اگر روگ پرانے لگ جائیں


نوید صادق

No comments:

Post a Comment