صفحات

Tuesday, 25 May 2021

قربت یار نہیں یار مقدر میرا

 قربتِ یار نہیں یار مقدر میرا

ہے یہی ہجر کا آزار مقدر میرا

میں کہ منصور ہوں اس عہدِ ستم پیشہ کا

کبھی زنداں ہے کبھی دار مقدر میرا

ہاں یہی جرم ہے میرا کہ میں سچ بولتا ہوں

تہمتیں ہیں سرِ بازار مقدر میرا

کاتبا! تیرے حوالے مِری لوحِ قسمت

پھر ملے یا نہ ملے یار مقدر میرا

میں بھی دیکھوں کہ ہے تو کن فیکوں پر قادر

کر دے اس شخص کو اک بار مقدر میرا

یہ وہ غم ہے کہ نہیں جس کی تلافی ممکن

چھین کر لے گئے اغیار مقدر میرا

مجھ سے نفرت ہی کرو تم مگر اخلاص کیساتھ

جانتا ہوں کہ نہیں پیار مقدر میرا

پہلے پہلے اسے پانے کی تگ و دو کی بہت

بعد میں مان گیا ہار مقدر میرا

واہ رے یزدان مشیت تری کیا ہے جس کی

زد میں آیا بھی تو ہر بار مقدر میرا

جب بھی چاہا کہ اسے اپنا بنالوں کاشر

بن گیا راہ کی دیوار مقدر میرا 


شوزیب کاشر

No comments:

Post a Comment