صفحات

Thursday, 19 August 2021

عکس گھٹتے بڑھتے ہیں شیشہ گری ہے ایک سی

 عکس گھٹتے بڑھتے ہیں شیشہ گری ہے ایک سی

سوچ کے عدسے جدا ہیں روشنی ہے ایک سی

زندگی کرتے ہیں انساں مختلف انداز میں

گو کہ سب کی دسترس میں زندگی ہے ایک سی

دوستوں اور دشمنوں میں کس طرح تفریق ہو

دوستوں اور دشمنوں کی بے رخی ہے ایک سی

سوچ کا مفلوج ہونا سانحے سے کم نہیں

ان گنت شاعر ہیں لیکن شاعری ہے ایک سی

سب دلوں میں جاگزیں ہیں غم کے قصے ایک سے

سب جبینوں پر رقم بے رونقی ہے ایک سی

جان یہ ثابت ہوا ہے تجربے کی آنچ پر

دشمنی ہے سو طرح کی دوستی ہے ایک سی


جان کاشمیری

No comments:

Post a Comment