صفحات

Saturday, 1 January 2022

سورج سوا نیزے پہ اتر کیوں نہیں آتا

 فرمائیے اے اہل خبر، کیوں نہیں آتا

سورج سوا نیزے پہ اتر کیوں نہیں آتا

آتی نہیں کیوں صُورِ سرافیل کی آواز

وہ عدل کی مسند پہ نظر کیوں نہیں آتا

دیتے ہیں لہو مزرعِ ہستی کو جو اپنا

راس ان کو صداقت کا سفر کیوں نہیں آتا

جس سر کے لیے تیغۂ جلاد ڈھلے ہے

دستارِ فضیلت میں وہ سر کیوں نہیں آتا

کھیتوں میں اُگا کرتی ہیں کیوں بُھوک کی فصلیں

سر سبز درختوں پہ ثمر کیوں نہیں آتا

جس سیلِ بلا خیز کی زد میں مِرا گھر ہے

وہ اہلِ در و بست کے گھر کیوں نہیں آتا

ہرسانچے میں آرام سے ڈھل جاتے ہیں کچھ لوگ

ہم بے ہُنروں کو یہ ہُنر کیوں نہیں آتا

آیا تھا جو اک بار سرِ وادئ سینا

کیا بات ہے وہ بارِ دگر کیوں نہیں آتا

اس گنبدِ افلاک میں اک ایک قدم پر

دیوار نظر آتی ہے، در کیوں نہیں آتا

میں نے جسے ہر رنگ میں ہر رُوپ میں دیکھا

حیراں ہوں، وہ تم سب کو نظر کیوں نہیں آتا

اک عمر سے میں خاکِ شفا بانٹ رہا ہوں

تُو خاک بسر ہے تو ادھر کیوں نہیں آتا

منہ ڈھانپتے ہوئے آتا ہے میخانے میں واعظ

آتا ہے تو بے خوف و خطر کیوں نہیں آتا

اقساط میں مرتی ہی چلی جاتی ہے یہ قوم

خالد اسے جینے کا ہنر کیوں نہیں آتا


خالد علیگ

No comments:

Post a Comment