صفحات

Wednesday, 23 March 2022

تری آواز کا خوش ذائقہ اور رس بھرا شربت

 تِری آواز


تِری آواز کا خوش ذائقہ

اور رس بھرا شربت

مِری رگ رگ میں اک تعویذ جیسے گھول دیتا ہے

شفا بیمار لمحوں کو عطا کرتا ہے، ساحر ہے

تِری آواز کا مرہم

کہ جیسے برف باری میں ٹھٹھرتی خوبرو لڑکی

سُلگتی آگ ملتے ہی لہو کی گرم موجوں میں نئی اک زندگی پائے

مسیحا ہے تِری آواز کی ہلکی گلابی، کاسنی رنگت

کبھی ہے جامنی گہری

صحیفوں کی طرح حتمی

کبھی ہے نیلگوں ایسی

کہ جیسے فجر کے وقت آسماں محوِ تلاوت ہو

ہے شدھ ایسا تِری آواز کا نتھرا ہو زم زم

ہوا اس بہتے چشمے سے وضو کرتی ہے آ آ کر

تِری آواز کے ان نُقرئی سکوں کا دُھن اکثر

مِری مفلس سیہ راتوں کی قسمت پھیر دیتا ہے

ہزاروں در نہاں اس جلترنگ سے دل پہ کھلتے ہیں

مجھے دنیا کی ہر زنجیر سے آزاد کرتی ہے

تِری آواز کی قدرت


نینا عادل

No comments:

Post a Comment