صفحات

Saturday, 2 July 2022

ہجر زادوں کو بھی خوشحال بنا دیتی ہے

 ہجر زادوں کو بھی خوشحال بنا دیتی ہے

سرخئ شام تِرے گال بنا دیتی ہے

بیٹھ جاتے ہیں ملنگ اپنی کہانی لے کر

بھوک درگاہوں کو چوپال بنا دیتی ہے

اس لیے تم کو پریشان نہیں لگتا ہوں

ماں کی عادت ہے مِرے بال بنا دیتی ہے

جانے والے ابھی اوجھل نہیں ہونے پاتے

دھول وحشت کے خد و خال بنا دیتی ہے

اک نظر ہوتی ہے کہتے ہیں جسے بد نظری

اک نظر ہوتی ہے لجپال بنا دیتی ہے

کوچۂ عشق تِری خاک کے کیا کہنے ہیں

سر میں پڑتی ہے تو ابدال بنا دیتی ہے

ہم وہ احساس کے مارے ہوئے حاتم ساجد

اک سخاوت جنہیں کنگال بنا دیتی ہے


لطیف ساجد

No comments:

Post a Comment