صفحات

Saturday, 5 November 2022

اک ہمہ وقت تصور جو توجہ نہیں کھونے دیتا

 محبت کی نامکمل نظم


اک ہمہ وقت تصور جو توجہ نہیں کھونے دیتا

کتنی جہتوں سے کٹا رہتا ہوں دن بھر لیکن

شام ہوتی ہے تو بھر جاتا ہے دل چشمِ زدن میں تجھ سے

اور میں سوچنے لگتا ہوں کہ

مصروفیت و واہمۂ گردشِ ایام تِرا حل نہیں ہیں

تُو کہیں گہری اترتی چلی جاتی ہے

جوں اک گھاٹی کے نشیب میں جھیل

ایک خوشبو سی مہک اٹھتی ہے پھر چاروں طرف

اور اتر آتی ہیں پریاں وہاں

گاتی ہوئی فردوس کے گیت

جو تِری آنکھیں نہ دیکھے

اسے خوشیوں کے تصور کا گماں کیونکر ہو

اب جو یاد آئی ہے ان جنگلی پھولوں کی آنچ

جو تِرے چہرے کے دونوں طرف

اُگ آئے ہیں خوشرنگ گلاب

ان کی قیمت تو جہاں بھر کی محبت بھی نہیں

یہ بہت ہے کہ میں لکھ سکتا ہوں تجھ پر نظمیں

لڑکیاں یوں تو صحیفوں کے لیے ہوتی ہیں


ذکی عاطف

No comments:

Post a Comment