صفحات

Friday, 1 April 2016

گزرتے وقت کا نوحہ سنا ہی کیوں جائے

گزرتے وقت کا نوحہ سنا ہی کیوں جائے
جو کام بس سے ہو باہر کِیا ہی کیوں جائے
یہ آئے دن کا تماشا یہاں لگائیں کیوں
تمام شہر کا ذِمہ لیا ہی کیوں جائے
جو زندگی ہو فقط ماہ و سال کی گنتی
تو یہ حساب کا پرچہ دیا ہی کیوں جائے
جو اپنے پاؤں سے رستے نہیں بنائے ہوئے
سوال یہ ہے کہ اس پر چلا ہی کیوں جائے
کوئی بھی زیست کا مقصد اگر نہیں بھائی
تو کیوں اٹھائیں یہ احساں، جیا ہی کیوں جائے
ہے احتجاج کی صورت خموش رہنا بھی
جو لفظ دل سے نہ نکلے، کہا ہی کیوں جائے
جہاں خلوص نہ الفت، نہ دید ہے نہ لحاظ
تو ایسے شہر میں امجدؔ رہا ہی کیوں جائے

امجد اسلام امجد

No comments:

Post a Comment