صفحات

Thursday, 20 May 2021

یہ میں نے کہہ تو دیا تجھ سے عشق ہے لیکن

 دوراہا


یہ میں نے کہہ تو دیا تجھ سے عشق ہے لیکن

مرے بیان میں اک لزرشِ خفی بھی ہے

تو میرے دعوائے الفت کی آن پر مت جا

کہ اس میں ایک ندامت دبی دبی بھی ہے

وفا کی طلب ہے ترا عشق اور مرے دل میں

تری لگن کے سوا اور بے کلی بھی ہے

تجھی سے دل کا تلاطم ہے اور نگہ کا قرار

اسی قرار و تلاطم سے زندگی بھی ہے

مگر ہیں اور بھی طوفان اس زمانے میں

کہ جن میں عشق کی ناؤ شکستنی بھی ہے

مری نگاہ کے ایسے بھی ہوں گے چند انداز

کہ تو کہے کہ یہ محرم ہے، اجنبی بھی ہے

شب وصال کی اس مخملیں اندھیرے میں

مری تلاش میں فردا کی روشنی بھی ہے

مجھے تو آ کے ملی وقت کے دوراہے پر

کہ صبح زیست بھی ہے موت کی گھڑی بھی ہے


پطرس بخاری

No comments:

Post a Comment