صفحات

Monday, 22 November 2021

یہ زندگی نئے منظر دکھا رہی ہے مجھے

یہ زندگی نئے منظر دکھا رہی ہے مجھے

خزاں ہے آخری موسم بتا رہی ہے مجھے

ہنسا رہی ہے کبھی یہ رُلا رہی ہے مجھے

غزل مِری ہی کہانی سنا رہی ہے مجھے

وہ ایک شے جو کہ سینے میں ہے کہیں موجود

کسی کے حکم پہ پل پل چلا رہی ہے مجھے

یہ اتفاق نہیں ہیں کوئی دعا ہے جو

یوں حادثوں سے مسلسل بچا رہی ہے مجھے

تُو بزدلی نہ سمجھ، یہ ہی تو شرافت ہے

مِرے لہو کی نفاست جُھکا رہی ہے مجھے

جو ایک لہر بھنور کے تھی آس پاس کہیں

وہ دھیرے دھیرے کنارے لگا رہی ہے مجھے

بغیر اس کے تھی ممکن کہاں رہائی مِری

یہ موت آ کے بلا سے چُھڑا رہی ہے مجھے

نئے لباس میں لِپٹا ہوا ہوں، اور یہ زمیں

مِرے وجود کی قیمت بتا رہی ہے مجھے

یہ تیز دھوپ یہ صحراؤں کا سفر رخسار

یہی تپش ہے جو کُندن بنا رہی ہے مجھے


رخسار ناظم آبادی

No comments:

Post a Comment