صفحات

Saturday, 1 January 2022

خوشی کی انتہا افسردگی ہے

 خوشی کی انتہا افسردگی ہے

بلا کی تیز پا افسردگی ہے

یہی اندوختہ ہے عمر بھر کا

انوکھی سی عطا افسردگی ہے 

یہاں مت آ یہاں بھی کیا دھرا ہے

یہاں بھی بے بہا افسردگی ہے

نہیں کہتے وہ کہہ دینے کی باتیں

نہیں کھلتا کہ کیا افسردگی ہے 

بظاہر انبساط آگیں تبسم

بباطن پر کشا افسردگی ہے

دل افسردہ تیری دلدہی کو

مقابل دلربا افسردگی ہے 

تبسم اور تبسم کے عقب میں 

بڑی قاتل ادا افسردگی ہے  

فراوانی سے بکھرائی گئی ہے 

جہاں میں جا بجا افسردگی ہے 

جدھر جس جا نظر کیجے عبیرہ

وہیں چہرہ نما افسردگی  ہے


عبیرہ احمد

No comments:

Post a Comment