صفحات

Monday, 3 October 2022

نہ مسجدیں نہ شوالے تلاش کرتے ہیں

 نہ مسجدیں نہ شوالے تلاش کرتے ہیں

یہ بھوکے پیٹ نوالے تلاش کرتے ہیں

ہماری سادہ دِلی دیکھو اس زمانے میں

دُکھوں کو بانٹنے والے تلاش کرتے ہیں

مجھے تو اس پہ تعجب ہے عقل کے اندھے

دِیے بُجھا کے اُجالے تلاش کرتے ہیں

کسی کے کام نہ آئے کبھی زمانے میں

اور اپنے چاہنے والے تلاش کرتے ہیں

رہِ وفا میں ابھی دو قدم چلے بھی نہیں

ابھی سے پاؤں کے چھالے تلاش کرتے ہیں

نگاہ رکھتے ہیں ساقی وہ تیری آنکھوں پر

سکونِ دل کے جو پیالے تلاش کرتے ہیں


حنیف راہی

No comments:

Post a Comment