صفحات

Tuesday, 1 November 2022

کسی کی بزم میں ہم اس خیال سے بھی گئے

 کسی کی بزم میں ہم اس خیال سے بھی گئے

کہ وہ نہ سمجھے کہ ہم عرضِ حال سے بھی گئے

ہمی تو تھے کبھی معیار دوسروں کی لیے

ہمی تو ہیں کہ خود اپنی مثال سے بھی گئے

سبک خرامیٔ اغیار کی نہ کر تقلید

کہ اس جنوں میں کئی اپنی چال سے بھی گئے

وہ دن بھی تھے کہ نہ کٹتی تھی ایک شامِ فراق

یہ دن بھی ہیں کہ غمِ ماہ و سال سے بھی گئے

رفاقتوں کا بھروسا ہی کیا، گلہ کیسا

سو میل جول تو کیا، بول چال سے بھی گئے

طلسم خانۂِ حیرت ہے سر بسر دنیا

جنوب سے بھی گئے ہم، شمال سے بھی گئے

بنا ہے یارِ بلا نوش محتسب جب سے

فراز! صحبتِ یوسف جمال سے بھی گئے


احمد فراز

No comments:

Post a Comment