صفحات

Thursday, 8 December 2022

عمر بڑھتی جا رہی ہے زیست گھٹتی جائے ہے

 عمر بڑھتی جا رہی ہے زیست گھٹتی جائے ہے

جسم کی خوشبو کی خواہش دور ہٹتی جائے ہے

سوچ میں بھی اب نہیں پہلا سا تیور اور لوچ

شوق کی دیوار گردِ غم سے اٹھتی جائے ہے

بے مزہ ہونے لگی ہے زندگی بعد شباب

رات ابھی باقی ہے لیکن نیند اچٹتی جائے ہے

آ رہی ہے سُکھ ملن کی چمپئی اجلی سحر

دُکھ کی یہ بے چین اندھیری رین کٹتی جائے ہے

یاس کے حساس لمحوں میں بھی ہے کتنا سرور

شاہدہ امید کی مجھ سے لپٹتی جائے ہے

کام کی افراط میں دفتر کے ہنگاموں میں بھی

تیری یاد آئے توجہ میری بٹتی جائے ہے

ہے بدن چور اور کومل کس قدر چِت چور شام

جیسے شرمیلی دلہن خود میں سمٹتی جائے ہے

ہے وہ چنچل کامنی محبوب سارے شہر کو

دیکھ کر جس کو نظر میری پلٹتی جائے ہے

بابِ حسرت، داستانِ شوق، تصویرِ امید

لمحہ لمحہ زندگی اوراق الٹتی جائے ہے

جاگ اٹھی ہے جیو جیوتی آس اور وشواس کی

کرشن موہن! کالما دبدھا کی چھٹتی جائے ہے


کرشن موہن

رین= رات

چت چور=دلربا، دلفریب، لبھاؤ سے بھرپور

جیو= جیون 

جیوتی= روشنی، چراغ کی لو

کالما= دھول، دھواں

دبدہا= گومگو، کنفیوژن

No comments:

Post a Comment