صفحات

Friday, 5 May 2023

گرچہ سینے میں دبی درد کی حدت رکھنا

 گرچہ سینے میں دبی درد کی حدت رکھنا

اپنے چہروں پہ سجی لوحِ مسرت رکھنا

کتنا آسان ہے افکار کا چرچا کرنا

کتنا مشکل ہے یہ افکار سلامت رکھنا

خون دل کتنا چراغوں کو بہم پہنچائیں

صبح کے واسطے اندازۂ ظلمت رکھنا

اک نظر جس کی پلٹ دیتی ہے دل کی دنیا

ذہن میں ایسے ہی کردار کی عظمت رکھنا

بے نوا بچے کو سینے سے لگایا تھا کبھی

زادِ راہ ساتھ یہ تم بہرِ شفاعت رکھنا

بھیڑئیے لاکھ ملیں بھیس میں انسانوں کے

کچھ بھی ہو جائے بس انساں سے محبت رکھنا

یہ ہمیشہ سے ہے فنکار کی عظمت کا امین

تم سدا پیشِ نظر حرف کی عظمت رکھنا

راہِ الفت کا سفر جی کا زیاں ہے دانش

چل ہی نکلے ہو تو سادات کی عزت رکھنا


عقیل دانش

No comments:

Post a Comment