صفحات

Tuesday, 9 January 2024

کرتے ہیں عرض حال زبان قلم سے ہم

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


کرتے ہیں عرضِ حال زبانِ قلم سے ہم

یوں بھیک مانگتے ہیں امامِ اُمم سے ہم

دیکھیں ہماری بات کا ملتا ہے کیا جواب

بیٹھے ہیں لَو لگائے نگاہِ کرم سے ہم

دربارِ مصطفیٰﷺ میں ضروری ہے احتیاط

افسانہ کہہ رہے ہیں فقط چشمِ نم سے ہم

گُلدستہ اک سجانا ہے نعتِ رسولﷺ کا

کچھ پُھول چُن کے لائے ہیں باغِ حرم سے ہم

روکیں ہماری راہ حوادث کی کیا مجال

رکھتے ہیں ربط صاحبِ لوح و قلم سے ہم

لے کر چراغ ہاتھ میں عشقِ رسولﷺ کا

مردانہ وار گُزرے ہیں راہِ ظُلم سے ہم

وہ جن کا نام سیدِ خیرالانامﷺ ہے

وابستہ ہیں انہیں کے نقوشِ قدم سے ہم

اقبال ہم کو فکر نہیں روزِ حشر کی

مانوس ہیں مزاجِ شفیع الاممؐ سے ہم


اقبال عظیم

No comments:

Post a Comment