صفحات

▼

Friday, 9 October 2026

دل لگا کر رنج اٹھانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

 اس جہاں سے دل لگانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

دل لگا کر رنج اٹھانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

غم کی چوٹیں دل پہ کھانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

ضبط سے جاں کو گُھلانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

اف نہیں کرتے مبادا رازِ مُضمر فاش ہو

داغِ سینہ کو چُھپانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

بے وفا ہے یہ زمانہ آزما کر دیکھ لو

گر نہ آئے آزمانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

چھیڑ کر ناکامیوں کی داستانِ پُر الم

مُفت کا رونا رُلانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

غیر کو بھی غرق بحرِ رنج و کلفت دیکھ کر

مثلِ ماہی تلملانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

نقشِ غیریت مٹا کر حرفِ باطل کی طرح

اس کا نقشہ پھر جمانا کوئی ہم سے سیکھ جائے

سحر و افسوں کے تو ہم نامِ خدا قائل نہیں

شعر کا جادو چلانا کوئی ہم سے سیکھ جائے


انیسہ ہارون شروانیہ

No comments:

Post a Comment