Monday, 5 September 2022

قریب سے نہ گزر انتظار باقی رکھ

 قریب سے نہ گزر انتظار باقی رکھ

قرابتوں کا مگر اعتبار باقی رکھ

بکھرنا ہے تو فضا میں بکھیر دے خوشبو

حیا نظر میں، قدم میں وقار باقی رکھ

ہمیں ہمارے ہی خوابوں سے کون روکے گا

کھینچا ہوا ہے جو خط حصار باقی رکھ

خزاں سے صُلح برت کیونکہ وہ تو آئے گی

پھر اہتمام سے فصلِ بہار باقی رکھ

یہ کجکلاہ نئے وقت کے نہ ٹھہریں گے

کھنچی کمان مِرے شہریار باقی رکھ

مِٹے مِٹے سے نقوشِ قدم ہیں کچھ باقی

یہ خوشبوؤں میں بسی رہگزار باقی رکھ

یہ سرد و گرم جو ماحول کے تقاضے ہیں

بہ چشمِ نم، نفسِ شعلہ بار باقی رکھ

تکان ہے تو سنبھل جا مگر نہ اونگھ کبھی

سفر کی دھول بدن کا غبار باقی رکھ

یہ نو طرازیٔ معنی بھی ایک شے ہے عتیق

روایتوں سے بھی رشتے سنوار باقی رکھ


عتیق اثر

No comments:

Post a Comment