اچھا خواب دکھایا تم نے خواب دکھانے والوں میں
ایسی بات کہاں ہوتی تھی اس سے پہلے والوں میں
دروازے پر تالا ہو تو پھر بھی دستک دے دینا
نام تو شامل ہو جائے گا دستک دینے والوں میں
جو بھی شخص برا لگتا ہے صاف برا کہہ دیتے ہیں
یہ بھی اچھی بات ہے تجھ کو اچھا کہنے والوں میں
سرگوشی بھی کرنی ہو تو زور سے کرنی پڑتی ہے
کس نے آن بٹھایا مجھ کو اونچا سننے والوں میں
جتنے آنسو بہہ جاتے ہیں روزانہ اس دھرتی پر
دریا دوسرے نمبر پر آئے گا بہنے والوں میں
آدھے لوگ یہیں سے اپنے گھر کو واپس لوٹیں گے
آگے کی باتیں پہنچی ہیں پیچھے آنے والوں میں
امن شہزادی
واہ واہ واہ کیا کہنے ہیں، داد و تحسین قبول کیجئے گا
ReplyDeleteبلاگ پر محترم نثار احمد صاحب کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ بھائی، داد شاعر کو پہنچا دی جائے گی، آپ کی جانب سے پسندیدگی کا بے حد شکریہ۔
Delete