Friday, 20 November 2020

اچھا خواب دکھایا تم نے خواب دکھانے والوں میں

 اچھا خواب دکھایا تم نے خواب دکھانے والوں میں

ایسی بات کہاں ہوتی تھی اس سے پہلے والوں میں

دروازے پر تالا ہو تو پھر بھی دستک دے دینا

نام تو شامل ہو جائے گا دستک دینے والوں میں

جو بھی شخص برا لگتا ہے صاف برا کہہ دیتے ہیں

یہ بھی اچھی بات ہے تجھ کو اچھا کہنے والوں میں

سرگوشی بھی کرنی ہو تو زور سے کرنی پڑتی ہے

کس نے آن بٹھایا مجھ کو اونچا سننے والوں میں

جتنے آنسو بہہ جاتے ہیں روزانہ اس دھرتی پر

دریا دوسرے نمبر پر آئے گا بہنے والوں میں

آدھے لوگ یہیں سے اپنے گھر کو واپس لوٹیں گے

آگے کی باتیں پہنچی ہیں پیچھے آنے والوں میں


امن شہزادی

2 comments:

  1. واہ واہ واہ کیا کہنے ہیں، داد و تحسین قبول کیجئے گا

    ReplyDelete
    Replies
    1. بلاگ پر محترم نثار احمد صاحب کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ بھائی، داد شاعر کو پہنچا دی جائے گی، آپ کی جانب سے پسندیدگی کا بے حد شکریہ۔

      Delete