الجھی مسافتوں کی کہانی تمام شد
جگنو، چراغ، رستہ، نشانی تمام شد
وارفتگی، اذیتیں، اینٹھن، تغیرات
ہحرت، برادہ، سانس، روانی تمام شد
لہجے کی سوگواری، مقفل سکڑتے ہونٹ
لُکنت کا رنج، خستہ معانی تمام شد
یعنی غلافِ خواب، بڑھاپے کا پیرہن
سولی کی سان, نیند، جوانی تمام شد
مہکی ہوا، منڈیر، تھپیڑے، لہو بھنور
خوشبو، اداسی، رات کی رانی تمام شد
دید و شنید، خامشی، عجلت، ضرورتیں
آواز، صبر، یاد پرانی تمام شد
ارشاد، حبس، گھاٹ، مشیت، فنا، سفر
چھالے، ہوائیں، رینگتا پانی تمام شد
ارشاد نیازی
No comments:
Post a Comment