Friday, 2 April 2021

زوال صبح ہوں تحریر کر لے

 زوال صبح ہوں تحریر کر لے

مِری بے چارگی تصویر کر لے

جو میرے ساتھ دم گھُٹتا ہے تیرا

الگ اپنا جہاں تعمیر کر لے

میں سچ ہوں جگ اجاگر ہی رہوں گا

تُو اپنے جھوٹ کی تشہیر کر لے

کہاں وہ سُورما پیدا ہوا جو

انا میری تہِ شمشیر کر لے

میں اس آوارگی سے تھک چکا ہوں

کوئی آئے مجھے زنجیر کر لے

نمودِ صبح کب روکے رکی ہے

اندھیرا چاہے جو تدبیر کر لے

رہوں کب تک حریفِ آب بن کر

سمندر آ، مجھے تسخیر کر لے

طلب لکھے گا خود اپنا مقدر

جو تجھ سے بن پڑے تقدیر، کر لے


خورشید طلب

No comments:

Post a Comment