Thursday, 2 December 2021

ہمیشہ دھیان میں رکھیو بڑی کرسی بڑا غصہ

 ہمیشہ دھیان میں رکھیو، بڑی کرسی بڑا غصہ

کہیں مہنگا نہ پڑ جائے ہمیں سرکار کا غصہ

میں اکثر مِرچ سالن میں زیادہ ڈال دیتی ہوں

کسی صورت تو ظاہر ہو مِری رنجش مِرا غصہ

چلو اب مان بھی لو تم، تمہیں ذہنی مسائل ہیں

زرا سی بات پہ کرتے ہو تم اچھا بھلا غصہ

مِری ہر ڈانٹ پر بچے جواباً مُسکراتے ہیں

بس اک مُسکان سے اڑ جاتا ہے بن کر ہوا غصہ

تِری خفگی کے سارے ذائقوں کا علم ہے مجھ کو

کبھی ہے نیم سا کڑوا، کبھی ہے چٹپٹا غصہ

زمانے، میری من مانی پہ کیوں آنکھیں دِکھاتا ہے

بہت دیکھے تِرے جیسے تونگر، چل ہٹا غصہ


شازیہ نیازی

No comments:

Post a Comment