Monday, 9 October 2023

مائے میں کشمیراں تیری لاڈلی بیٹی پنج بھرائی

 کشمیراں


مائے

میں کشمیراں

تیری لاڈلی بیٹی پنج بھرائی

بھول گئی کیا

جب چاچوں نے ابا کو

بٹوارے پر مجبور کیا تھا

مانا میں بچی تھی پھر بھی

تجھ سے گود کہاں مانگی تھی

میں بھی تیری انگلی تھامے پیّاں پیّاں چل سکتی تھی

پھر کیوں بوجھ سمجھ کر مجھے

شریکنیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا تھا

میں تو کلمہ گو تھی پھر بھی 

بہمن کے پلّے سے مجھ کو باندھ دیا تھا

اگنی کے یہ پھیرے کس نے دئیے تھے مجھ کو

ساتوں چکر مائے میں نے 

بے ہوشی میں کاٹے تھے

وہ اکہتر کا سن اب تک  یاد ہے مجھ کو 

جس میں میرا پنجواں ویر

شریکنیوں کے بہکاوے میں آ کر گھر سے بھاگا تھا

تب سے مجھ کو دل کے دورے پڑتے ہیں

خیر ہو شالا

میری خیر خبر کی خاطر کیوں نہیں آتی

تو نہیں آتی تو چل

میرے وِیروں کو تو بھیج دیا کر


رانا سعید دوشی

No comments:

Post a Comment